آستان نیوز کے مطابق لبنانی پارلیمنٹ کے رکن حسن فضل اللہ نے آستان قدس رضوی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے سربراہ سے ملاقات میں ماہ صفر کے آخری ایام میں زائرین کی بہترین خدمت کے تعلق سے آستان قدس رضوی کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے مقاومت کے بیانئے کی تقویت میں مذہبی مناسبتوں کے کردار پر بات چيت کی ۔
حسن فضل اللہ نے اس موقع پر کہا کہ اربعین ملین مارچ اور پھر ماہ صفر کے آخری ایام میں مشہد مقدس میں زائرین کی تاریخی شرکت عالم اسلام میں مقاومت کے بیانئے کی تقویت کے لحاظ سے خاص اہمیت کی حامل ہے اور یہ مناسبتیں مسلم اقوام کے رشتوں کو پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوط بناسکتی ہیں
انہوں نے لبنان کے حالیہ واقعات کا ذکرکرتے ہوئے لبنانی شیعہ مسلمانوں کی صورتحال پر بھی بات چيت کی جبکہ اس ملاقات میں لبنان کے سیاسی اور سماجی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گيا ۔