آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ حضرت امام مہدی (عج) کی ولادت با سعادت کے موقع پر سرخس فری ٹریڈنگ اینڈ انڈسٹریل زون کے منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین کی تعارفی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر خزانہ جناب علی مدنی زادہ،خراسان رضوی کے گورنر غلام حسین مظفری اور ملک کے فری زون کی اعلیٰ کونسل کے سیکرٹری نے خصوصی شرکت فرمائی اس تقریب کے دوران آیت اللہ احمد مروی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آستان قدس رضوی اقتصادی میدان میں محض منافع حاصل کرنے کے درپے نہیں ہے ،صرف منافع کمانا نہ کبھی ہمارا معیار رہا ہے اور نہ ہوگا ،اقدار سے چشم پوشی کرتے ہوئے صرف مالی فوائد کے پیچھے جانے کو ہم خلافِ شرع سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ سرخس فری زون کی اقتصادی ترقی سے اس خطے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچنا چاہئے اس لئے اس خطے میں دی جانے والی سرگرمیوں میں مقامی افرادی قوت کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے ۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مشہد مقدس۔ سرخس شاہراہ ہر سال کئی جانی نقصانات کا سبب بنتی ہے اور عوام کو اس روڈ پر سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں تک ممکن ہے اس مسئلے کو باہمی تعاون سے حل کیا جائے ۔
آیت اللہ مروی نےتاکید کی کہ اس فری زون سے متعلق تمام فیصلوں میں مقامی افراد اور عوام کے مفادات کو ہمیشہ قومی اور سرکاری مفادات کے ساتھ ملحوظ خاطر رکھا جائے ،تاکہ لوگ اپنی زندگی میں اطمینان اور بہتری کو محسوس کر سکیں۔
انہوں نے اس اقتصادی زون کے لئے تعاون کرنے والے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری کوئی امتیاز نہیں ہے بلکہ ایک الہیٰ امانت ہے ایک بھاری بوجھ ہے اس لئے تمام حکام نہ فقط اپنے انجام دیئے گئے کاموں کے بلکہ نہ دیئے گئے کاموں کے بھی جواب دہ ہیں لہذا ہر فیصلہ اور اقدام ایسا ہونا چاہئے جو خدا کی بارگاہ میں قابل دفاع ہو۔
انہوں نے عوامی خدمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت قرب الہیٰ کے اعلیٰ ترین مصادیق میں سے ہے ۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ مولاکے ظہور کا انتظار فقط دعا تک محدود نہیں ہے بلکہ حقیقی منتظر وہ ہے جو خود کو ہمیشہ ایسے حال میں رکھے اور خود سے سوال کرے کہ اگر حضرت حجت(ع) ظہور فرما دیتے تو میں کیسے زندگی گزارتا۔
سرخس فری زون کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بھی اس تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری محض ایک انتظامی عہدہ نہیں بلکہ ملک کے حق میں فرض نبھانے کا ایک موقع ہے ،جناب رسول رئیس جعفری نے اپنی ذمہ داری کا آغاز حضرت حجت(ع) کی ولادت کے موقع پر ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ذمہ داری کا آغاز اس بابرکت دن سے ہونا ایک روشن مستقبل اور امید کی علامت ہے ۔
انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سرخس ، ایران کی معیشت کا ایک فراموش شدہ موقع ہے یہ علاقہ ملک کی اقتصادی،سیاسی اور جیوپولیٹیکل تحفظ کا حامل ہے ،ایسا موقع جسے مختلف تاریخی ادوار میں نظر انداز کیا گیا اور اس غفلت کی قیمت ملک کی عوام نے ادا کی۔
انہوں نے ملکی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے سمندری اور ظالمانہ پابندیاں بڑھتی جائیں گی ویسے ویسے ایران کے لئے سرخس کی اہمیت میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں عہد کرتا ہوں کہ سرخس میں ہونے والے ہر اقدام کو قومی مفادات،پائیدارروزگار اور اثاثوں کو بڑھانے کی بنیاد پر اور نجی شعبوں کی شراکت سے انجام دوں گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ سرخس کی ترقی سب سے پہلے ہمارے افکار میں ہوگی کیونکہ ہر میدان کی فتح سب سے پہلے افکار کی جنگ سے حاصل ہوتی ہے ۔
عوامی معیشت کی بہتری، سرخس میں سرمایہ کاری کی اوّلین ترجیح ہے
اس تقریب کےد وران وزیر اقتصاد و خزانہ جناب سید علی مدنی زادہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرخس فری زون میں نئی انتظامیہ کا انتخاب پہلی مرتبہ عمل میں آیا ہے اور یہ پیش رفت پورے ملک کے لئے بابرکت ثابت ہو سکتی ہے اس کے ثمرات عوامی زندگی اور روزگار خصوصاً سرخس کی عوام میں عملی طور پر محسوس ہونے چاہیئے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ کی تمام سرمایہ کاریوں اور اقتصادی سرگرمیوں میں علاقے کی عوام کو ترجیح دی جائے گی اور ان اقتصادی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والے وسائل اور آمدنی کو سب سے پہلے سرخس کی عوام کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی حالات بہتر بنانے پر خرچ کئے جائیں گے اور اس کے بعد اس کے اثرات صوبائی اور قومی سطح پر نمایاں ہونے چاہئںے۔
سرخس اکنامک زون ، قومی معیشت اور علاقائی تجارت میں ایک فیصلہ کن صلاحت کا حامل ہے
تقریب کےد وران صوبہ خراسان رضوی کے گورنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرخس اپنے منفرد جغرافیائی محلِ وقوع اورتجارتی راہداریوں کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے قومی معیشت اور علاقائی تجارت میں ایک فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے ۔
انہوں نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لئے کامیابی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سرخس کے عوام کے مفاد میں بنیادی اور مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی۔
سرخس فری زون ملکی معیشت کےلئے ایک اسٹریٹجک خطہ ہے
ملک کی فری زون سپریم کونسل کے سیکرٹری جنرل جناب رضا مسرور نے بھی اس تقریب کے دوران خطاب کیا اور کہا کہ ملکی اقتصاد میں سرخس ان اہم خطوں میں شاممل ہے جن سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، یہ علاقہ ملکی معیشت کے لئے ایک مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے ۔
جناب رضا مسرور نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے آستان قدس رضوی کے متولی نے وعدہ کیا تھا کہ سرخس فری زون کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو باہمی تعاون اور مشاورت سے تشکیل دیئے جائیں گے اور آج یہ وعدہ عملی طور پر پورا کر کے دکھایا ہے ۔
انہوں نے کہا یہ جو بورڈ تشکیل پایا ہے یہ مالی منڈیوں،مالی وسائل کی فراہمی اورفری زون میں کام کرنے کے عملی تجربے سے مکمل آگاہی رکھنے والے افراد پر مشتمل ہے ،امید ہے کہ یہ ٹیم اس اہم خطے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ خصوصی میٹنگز کے انعقاد اور منصوبوں کے درست نفاذ کے ذریعے سرخس فری زون میں مثبت اور مؤثر پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔
قابل توجہ ہے کہ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر رئیس جعفری کو سرخس فری زون کے منیجنگ ڈائریکٹر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے طور پر اور ڈاکٹربہروز خدا رحمی اور انجینئر پور احمد کو بورڈ کے اراکین کے طور پر تقرری کے احکامات وزیراقتصاد و خزانہ اور آستان قدس رضوی کے متولی کی جانب سے عطا کئے گئے ۔