آستان نیوز کے مطابق رضوی فارمیسیٹیکل سروس انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ کے سبھی افراد مکمل طور پر چوبیس گھنٹے خدمات کی فراہمی کے لئے الرٹ ہیں اور زائرین کے علاج و معالجے میں ہر طرح کی فوری سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا گيا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ صفر کے آخری ایام کی مخصوصی کی وجہ سے مشہد میں زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے اسی لئے رضوی فارمیسیٹیکل سروس انسٹی ٹیوٹ نے بھی خود کو ہرطرح سے تیار کررکھا ہے اور ادارے کے سبھی کارکنوں کی چھٹیاں منسوخ کرکے زائرین کی خدمت کے لئے انہیں طلب کرلیا گيا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ امام سینٹرل میڈيکل اسٹور چوبیس گھنٹے زائرین کو خدمات فراہم کررہا ہے اور اسی طرح موسی بن جعفر (ع) ہسپتال نیز جوادالآئمہ اسپتال کا میڈیکل اسٹور اور شہر کے دیگر میڈیکل اسٹور بھی ان ایام میں زائرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔
رضوی فارمیسیٹیکل سروس انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر ہاشمی نژاد کا کہنا تھا کہ متعدد کلینک بھی زائرین کو ہنگامی خدمات فراہم کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے سرگرم ہیں اور زائرین بھی بلاوقفہ ان طبی مراکز میں رجوع کررہے ہیں ۔ جبکہ قائم (عج)، امام رضا(ع) اسپتال ، شریعتی اسپتال اور شہید ہاشمی نژاد اسپتال کو بھی رضوی فارمیسیٹیکل سروس انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پوری طرح سپورٹ دی جارہی ہے ۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مخصوصی کے ان ایام میں مشہد مقدس پہنچنے والے زائرین کسی بھی قسم کی تشویش اور پریشانی کے بغیر پورے اطمینان کے ساتھ زیارت اور عزاداری کرسکیں گے اور انہيں کسی بھی طرح کی کوئي مشکل پیش نہیں آئے گی ۔