آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کےشعبہ برصغیر پاکستان وہندوستان کی کاوشوں سے حرم امام رضا(ع) کے رواق غدیر میں اردو زبان زائرین کے لئے جشن کا انعقاد کیا گیا ،محفل کے خطیب حجت الاسلام ابن علی حیدری نے اپنی تقریر میں کہا کہ سیدالشہداء حضرت ابا عبد اللہ الحسین(ع) کوبارگاہ الہیٰ میں عظیم مقام و منزلت حاصل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خداوند متعال نے سید الشہداء حضرت امام حسین(ع) کے ایثار اور قربانی کے صدقے امام کو تین منفرد امتیازات عطا فرمائے ہیں ، ان میں سے ایک یہ کہ خداوند متعال نے امامت کو آپ(ع) کی نسل اور ذریت میں سے قرار دیا۔
مولانا ابن علی حیدری نے کہا کہ امام حسین (ع) کی دوسری منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اللہ نے آپ کی پاک تربت میں شفا قرار دیا ہے اور تیسری منفرد خصوصیت جو اللہ نے عطا کی وہ یہ ہے کہ آپ کے گنبد مطہر کے نیچے دعا کی قبولیت کی ضمانت ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی شہادت اور زمانے کے طاغوت کے خلاف استقامت و مزاحمت کے ذریعہ دینِ اسلام کی حفاظت فرمائی ، اگر آپ(ع) کا ایثار اور قربانی نہ ہوتی تو آج اسلامِ نابِ محمدی(ص) یعنی اصل اور حقیقی اسلام کا نام و نشان باقی نہ رہتا۔
جشن کے اس خصوصی پروگرام میں پاکستان اور ہندوستان سے تشریف لانے والے زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،جشن کے آخر میں جناب وحید لاشاری اور محمد اجمل حسین امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا