آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام رضا(ع) کے ادارہ غیرملکی زائرین کے شعبہ برصغیر کی جانب سے حرم امام رضا(ع) کے رواق غدیر میں عزاداری کا یہ خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، پروگرام کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا۔
عزاداری کے اس پروگرام میں عراق کی عرب زبان خواتین،عتبہ حسینی ، عتبہ عباسی اور عتبہ کاظمیہ کی خادمات نے شرکت کی،پروگرام میں اہلبیت(ع) کے مصائب بیان کئے گئے جس سے رواق غدیر سوگ میں ڈوب گیا۔
امام رضا(ع) کے بلند مقام کی وضاحت
عتبہ کاظمیہ کی خادمہ اور عرب زبان اسلامک اسکالر محترمہ خانم زاکیہ العاملی نے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے بلند و بالا مقام کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام رضا علیہ السلام کا اللہ کے نزدیک بہت بڑا مقام ہے اور یہی وجہ ہے کہ امام رضا(ع) کی زیارت کا ثواب بہت زیادہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ امام رضا(ع) کی عنایات صرف دنیا تک محدود نہیں بلکہ آخرت ،برزخ اور قیامت کے مشکل مقامات پر بھی زائرین کو شامل ہوں گی،البتہ زائرین کو ایسی توقع نہیں رکھنی چاہئے کہ تمام حاجتیں ان کی قبول ہوں۔
خانم العاملی نے امام رضا(ع) کی زیارت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جوبھی امام رضا(ع) کی زیارت کرتا ہے یقیناً وہ اثنا عشری شیعہ ہوتا ہے اس لئے امام رضا(ع) کے زائر کا قیامت کے دن خاص مقام ہوگا۔
امام رضا(ع) کی زیارت سے دل کو سکون ملتا ہے
عتبہ حسینی کی خادمہ محترمہ زینب تمار نے عزاداری کے اس پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام رضا(ع) کی زیارت سے دل کو سکون ملتا ہے ، اس لئے میں ہر سال امام رضا(ع) کی زیارت کرنے آتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ امام رضا(ع) کی زیارت ہم شیعوں کے لئے اعزاز ہے میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ تمام افراد جو اب تک زیارت کی سعادت حاصل نہیں کر سکے ، اللہ انہیں زیارت کا شرف عطا فرمائے۔
امام رضا(ع) روؤف اور مہربان امام ہیں
عتبہ کاظمیہ کی خادمہ محترمہ یسر علی نے آستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر سال امام رضا(ع) کی شہادت کے ایّام میں مشہد مقدس آتی ہوں اور دیگر عرب زبان خواتین کے ساتھ امام کے سوگ میں شریک ہوتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ امام رضا(ع) روؤف اور مہربان امام ہیں، دعا ہے کہ تمام مومنین و مومنات کی حاجتیں امام کے صدقے پوری ہوں اور جو بھی آپ کے در پر امید لے کر آیا ہے نا امید واپس نہ لوٹے۔