رضوی سپر اسپیشلٹی ہاسپٹل کے سپروائزر جناب پریشاد خوش طینت نے آستان نیوز کے نمائندے سے گفتگو کے دوران اس شعبے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نیوکلیئر میڈیسن کا شعبہ ؛ ریڈیو فارماسیوٹیکلز، جدید ترین امیجنگ آلات، اور جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال سے امراض کی فنکشنل تشخیص اور مریضوں کے علاج کے عمل میں مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔
انہوں نے نیوکلیئر میڈیسن کی نوعیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں، عام امیجنگ جیسے سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کے برعکس جو جسم کی ساخت کو دکھاتے ہیں، بنیادی توجہ اعضاء کے کام اور ان کی فزیالوجیکل حالت کے جائزے پر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر میڈیسن میں، ریڈیو فارماسیوٹیکلز اور خصوصی امیجنگ آلات کے استعمال سے جسم کے مختلف اعضاء کے کام کا جائزہ لیا جاتا ہے اور یہ کام امراض کی درست تشخیص میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
جناب خوش طینت کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی تیاری کا بھی ایک یونٹ موجودہے ، اس مرکز میں تیار کردہ ریڈیو دوائیں صرف تشخیصی امیجنگ کے لیے استعمال ہوتی ہیں اور نیوکلیئر میڈیسن کی خدمات کی درستگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2024 اور 2025 میں، 10 ہزار سے زائد مریض اس شعبے میں آئے اور رواں سال مراجعت میں تقریباً 600 کی کمی کا تعلق ملک کے حالات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے ادویات کی فراہمی کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے اس شعبے کی خصوصی خدمات کے بارے میں بتایا کہ SPECT سسٹم کے استعمال سے دل کے خصوصی اسکین کیے جاتے ہیں، اور ٹیومرز اور کینسر کے میٹاسٹیسیس کی تشخیص اور جائزے کے شعبے میں PET ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے۔ نیز ہڈیوں کے اسکین اور مریضوں کے علاج کے عمل کی نگرانی اس شعبے کی دیگر خدمات ہیں۔
جناب خوش طینت نے ریڈئیشن کے تمام معیاروں کی مکمل پابندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام عمل ایٹمی توانائی ادارے کے رہنما اصولوں کے مطابق اور حفاظتی تقاضوں، خصوصی وینٹیلیشن، اور ریڈئیشن کی سطح پر قطعی کنٹرول کے ساتھ کیے جاتے ہیں، اور اس شعبے کے عملے کا بھی وقتاً فوقتاً خصوصی مانیٹرنگ اور طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔
گفتگو کے آخر میں انہوں نے اس شعبے کی توسیع و ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے ریڈیو فارماسیوٹیکلز کی تیاری، آلات کی بہتری، اور خصوصی خدمات کا فروغ اس شعبے کے اہم مستقبل کے منصوبے ہیں، اور رضوی ہسپتال کا نیوکلیئر میڈیسن شعبہ اب بھی ملک کے مشرقی حصے اور پورے ملک میں اس شعبے میں دیگر طبی مراکز کے مقابلے میں مؤثر اقدامات انجام دے رہا ہے۔