آستان نیوز کی رپورٹ کےمطابق؛ عراقی موکب داروں کی تجلیل و تکریم کے لئے مؤرخہ 18اکتوبر2026 بروز اتوار کی شام کو حرم امام رضا(ع) کے قدس ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی اور صوبائی حکام کی خاصی تعداد نے شرکت کی، اس تقریب کے دوران عراق کے صوبہ دیالی کے شہر خالص سے تعلق رکھنے والے موکب دار جناب شیخ حسن السعدی نے ایرانی و عراقی اقوام کے اٹوٹ عقیدتی رشتوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، عراقی قوم کے جسم کا ایک ناقابل جدا حصہ ہے اور اس ملک کے عوام ایرانی قوم کی حمایت کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں ںے امریکی اور صہیونی حملوں کے دوران ایران کے لئے عراقی عوام کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کے آغاز کے بعد، صوبہ دیالی کے عوام مالی امداد اور غذائی اشیاء لے کر میدان میں آئے اور ایرانی عوام کی پشت پناہی کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔
ایرانی عوام کی حمایت کے لئے تہران اور قم میں موکب لگائے گئے
اس عراقی موکب دار نے اپنے ملک کے موکب داروں کی ایران میں موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جن دنوں اسلامی جمہوریہ ایران حملوں کی زد میں تھا، ہم ایران آئے اور تہران اور شہرِ مقدس قم میں موکب لگائے تاکہ ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں۔
جناب السعدی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دونوں اقوام کے مابین پایاجانے والا اٹوٹ رشتہ، ایمان اور مشترکہ عقائد کی بنیاد پر قائم ہوا ہے ،کہا کہ عراقی اور ایرانی عوام خود کو ایک ہی محاذ میں سمجھتے ہیں اور عراقی قوم اپنے مال اور جان کے ذریعے اسلام اور مسلمانوں کی حمایت کے راستے پر گامزن ہونے کے لیے تیار ہے۔
داعش کا مقابلہ کرنے میں ایرانی حمایت کی قدر دانی
انہوں نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں داعش خلاف جنگ کے دنوں میں عراق کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام داعش کے مقابلے کے مشکل دنوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے۔ اس دور میں شہید ابو مہدی المہندس اور شہید حاج قاسم سلیمانی نے عراقی عوام بالخصوص صوبہ دیالی کی حمایت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس عراقی موکب دار نے صوبہ دیالی کے مختلف علاقوں میں داعش کے خلاف جنگ کے دور کے حالات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان دو شہیدوں کی حمایت اور منصوبہ بندیوں نے داعش کے خلاف مقابلے کی صلاحیت کو مستحکم بنانے اور اس دہشت گرد گروہ کے سامنے ڈٹ جانے میں بہت مؤثر کردار ادا کیا۔
رواق دارالذکر میں شہید رہبر(رح) کے مزار کی زیارت
جناب السعدی نے رواق دارالذکر میں عراقی موکب داروں کی حاضری اور شہید رہبر(رح) کی قبر کی زیارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہبر(رح) کی قبر پر حاضری ایرانی قوم کے ساتھ اظہار ہمدردی ہے ، ہم پہلی بار اس مقدس مقام پر آئے ہیں تاکہ ان کی قبر کی زیارت کر سکیں اور ایک بار پھر اپنے مشترکہ عقیدتی راستے پر اپنی وابستگی کا اعادہ کریں۔
انہوں نے شہید رہبر کے جسد مطہر کی کربلا میں تشییع کے دوران عراقی موکب داروں کی خدمات اور لاجسٹک معاونت میں شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام بشمول مرد و زن اور بچوں اور بزرگوں سمیت سب نے شرکت کی اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
اس عراقی موکب دار نے اپنی گفتگو کے اختتام پر ایرانی قوم کے ساتھ عراقی عوام کی حمایت کے تسلسل پر تاکید کی اور کہا کہ ہم اسی راستے پر باقی رہنے کے لئے پرعزم ہیں اور اپنے عہد پر قائم ہیں اوراسلام اورامت مسلمہ کی مدد کے لئے اپنی پوری طاقت اور وسائل کے ساتھ تیار ہیں۔