یمنی رہنما نے آستان نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران استقامتی محاذ کے مختلف پہلوؤں کی تشریح کرتے ہوئے اسلامی ملکوں اور یمن کی مذہبی علامتوں پر دشمنوں کے حملوں کے علل و اسباب کو بھی بیان کیا
وحدت کانفرنس؛ تفرقہ انگیزی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا مظہر
یمنی رہنما سید احمد عبدالملک نے ایران میں وحدت اسلامی کانفرنس میں یمنی وفود کی فعال شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے وحدت اسلامی کانفرنس کو ایک سفارتی اجلاس سے بالاتر قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام قائد شہید امت (رحمت اللہ علیہ) ، رہبرمعظم انقلاب سید مجتبی خامنہ ای اور شہدائے استقامت کے عظیم منصوبوں کا ہی ایک حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں ہمارا پیغام واضح ہے کہ ہم ایک جگہ اکٹھا ہوئے ہيں تاکہ بلند آواز سے یہ اعلان کرسکیں کہ کوئي بھی طاقت امت اسلامیہ کو ایک دوسرے سے الگ نہيں کرسکتی اور ہم قرآن اور دینی اقدار کے راستے میں متحد اور ایک ہيں ۔
انہوں نے اسلامی ملکوں کے حصے بخرے کرنے کے تعلق سے امریکا اور صیہونی حکومت کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام منصوبے جو مسلم ملکوں خاص طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کو کمزور کرنے کے لئے تیار کئے گئے تھے وہ الہی احکامات پر عمل اور اسی طرح امام خمینی (رح) اور قائدشہید امت (رح) نیز رہبرمعظم کی اتباع اور پیروی کے نتیجے میں پوری بری طرح ناکام ہوگئے
استقامت، محاذ حق کا نقطہ اشتراک
انصاراللہ یمن کے رہنما احمد عبدالملک نے استقامتی محاذ کے عظیم کمانڈروں کی شہادت منجملہ سید حسن نصراللہ کی شہادت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ جو امام خمینی (رح) اور رہبرشہید کے اندر موجزن تھا آج وہ پورے محاذ حق میں پیدا ہوچکا ہے اور عالم اسلام جلد ہی سامراج کے چنگل آزاد ہو کر رہے گا اور اسلامی دنیا آج اس راستے پر چل پڑی ہے
یمنی خنجر یمنی عوام کی غیرت کی علامت ہے
یمنی رہنما احمد عبدالملک نے اس سوال کے جواب میں کہ یمنی عوام کیوں اپنے لباس کے ساتھ << جنبیہ>> بھی (وہ خنجر جو یمن کے مرد اپنے لباس کے ساتھ کمر پر آویزاں رکھتے ہیں) رکھتے ہيں کہا کہ یہ یمنی عوام کی غیرت اور ان کی زینت کی علامت ہے اور ہم اس سے یہ ظاہرکرتے ہیں کہ یمن کے عوام غیور، جیالے اور انقلابی ہیں یہ وہ اسلحہ ہے جو مغرب اور امریکا کی تفرقہ انگیز پالیسیوں اور اقدامات کے مقابلے میں استقامت کی علامت ہے ۔
امام رضا علیہ السلام سے یمنیوں کا عشق
یمن کے رہنما سید احمد عبدالملک نے ایران اور یمن کے اسٹریٹیجک تعلقات بالخصوص یمن کا محاصرہ ٹوٹنے اور ایران اور یمن کے درمیان ہوائي سروس کی برقراری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران میں یمنیوں کی موجودگي کو پہلے سے کہیں زیادہ قراردیا اور ساتھ ہی دیگر طریقوں سے یمن کا محاصرہ جاری رہنے پر شدید گلہ مندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام حضرت امام رضاعلیہ السلام کے بے پناہ عشق و محبت کرتے ہیں اور جب محاصرہ مکمل طور پر ختم ہوجائے گا تو یمنیوں کی ایران میں موجودگی کا اور زیادہ مشاہدہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امام رضا علیہ السلام سے یمنی عوام کا عشق ایران اور یمن کے عوام کے درمیان ایک اٹوٹ رشتے کی شکل میں تبدیل ہوگیا ہے اور یہ رشتہ کسی بھی محاصرے سے کمزور نہيں ہوگا ۔
شہدا کا خون ہماری کامیابی کی ضمانت ہے
یمنی رہنما عبدالملک نے آخر میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شہدائے وحدت کا خون حتمی کامیابی کی ضمانت ہے کہا کہ عظیم رہنماؤں کی شہادت سے نہ صرف یہ کہ محاذ حق کمزور نہيں ہوا ہے بلکہ ان شہادتوں نے اس راستے کو مضبوطی سے جاری رکھنے کے لئے ہمارے عزم و حوصلہ کو اور زیادہ مستحکم کیا ہے ۔ آج اسلامی اتحاد صرف ایک نعرہ نہيں ہے بلکہ علاقے میں صیہونی منصوبوں کا مقابلہ کرنےکے لئے ایک ناقابل انکار ضرورت ہے اور اللہ کی نصرت و مدد اور مسلمانوں کے اتحاد سے صیہونیوں کا یہ منصوبہ ناکام ہو کر رہے گا ۔