شعبہ غیر ایرانی زائرین کے ڈائریکٹر جناب مہدی لسانی نے آستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت صدیقہ کبریٰ (س) کی مظلومانہ شہادت کے ایام کی مناسبت سے متنوع پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ ان پروگراموں میں تقاریر، مرثیہ خوانی، نوحہ خوانی، سینہ زنی، دعائیہ محافل، "فاطمی طرز زندگی" کے موضوع پر خصوصی نشستیں، "بضعۃ الرسول (ص) کے سوگ میں" شعری نشست، کاروانوں کے لیے "زیارتِ رضوان" اور خواتین کے لیے صبح و شام کے خصوصی سیشنز شامل ہیں۔
عرب زائرین کے لیے خصوصی انتظامات
رواقِ دارالمرحمہ میں عرب زائرین کے لیے مرکزی پروگرام 14 نومبر سے شروع ہو کر شہادتِ حضرت زہرا (س) کی شام تک جاری رہیں گے۔ ان محافل میں عراق کی کوفہ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر سید صادق المروج اور حجت الاسلام شیخ ابراہیم الانصاری بطور خصوصی مقرر خطاب کریں گے۔ ان پروگراموں میں زیارتِ وارث، دعائے کمیل، دعائے توسل، زیارتِ آلِ یاسین اور حدیثِ کساء کی تلاوت کے ساتھ ساتھ معروف مداحوں کی جانب سے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اردو زبان بولنے والے زائرین کے لیے پروگرام
اردو زبان بولنے والے زائرین کے لیے 16 سے 22 نومبر تک روزانہ شام 04:40سے 06:30بجے تک رواقِ غدیر میں خصوصی عزاداری کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان پروگراموں میں نمازِ مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی، دعائیہ محافل، اور حجج الاسلام ابنِ علی حیدری اور عارف حسین تھیم کی تقاریر شامل ہیں۔ نیز 20 نومبر کو "بضعۃ الرسول (ص) کے سوگ میں" شعری نشست اور 21 نومبر کو "فاطمی طرز زندگی اور عصرِ حاضر کے تقاضے" کے موضوع پر ایک علمی نشست کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
وسطی ایشیا اور قفقاز کے زائرین کے لیے زیارتِ رضوان
وسطی ایشیا اور قفقاز کے آذری اور ترک زبان بولنے والے زائرین کے لیے 18 سے 22 نومبر تک "زیارتِ رضوان" کے عنوان سے خصوصی ثقافتی و زیارتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ ان پروگراموں میں حرم شناسی، مذہبی تقاریر اور زیارت و مداحی کی محافل شامل ہیں جو رواقِ دارالرحمہ میں منعقد ہوں گی۔