آستان نیوز کی رپورٹ کےمطابق؛یہ اجلاس دونوں مراکز کے منتظمین اور محققین کی موجودگی میں آستان قدس رضوی کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے نمائشگاہی ہال میں منعقد کیا گیا،اس دوران دونوں مراکز میں پائی جانے والی صلاحیتوں اور باہمی تعاون کا بغور جائزہ لیا گیا۔
حرم حضرت عباس(ع) کے شعبہ اسکین و فہرست نویسی کے سربراہ جناب صلاح السراج،شعبہ آرکائیو اور دستاویزات کے سربراہ جناب سید حسنین الموسوی،مدیر مرکز احیائے تراث جناب محمد الوکیل،محقق ڈاکٹر حسن آبادی،دفتر تبادلات وعلمی تعاون کے صدر جناب بہزاد نعمتی اور آستان قدس رضوی کی اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے شعبہ سماجی مطالعاتی گروپ کےانچارج جناب مرتضیٰ انفراد نے اس اجلاس میں شرکت فرمائی۔
زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کے لئے خصوصی حکمت عملیوں کی پیشکش
اجلاس کے تسلسل میں، مہمانوں میں سے ہر ایک نے اپنے تخصصی شعبے کے مطابق، علمی، تحقیقی اور ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لیے تجاویز اور حکمت عملیاں پیش کیں۔ ان تجاویز میں مشترکہ اسلامی نشریات کی اشاعت شامل ہے، جیسے کہ تمام مقدس آستانوں کے لیے ایک مشترکہ قرآن کی تدوین اور مقدس آستانوں کے لیے خصوصی علمی رسائل کا آغاز۔
شرکاء نے حرم مطہر رضوی میں کتب میلہ منعقد کرنے کی ضرورت اور دونوں آستانوں کی سہولیات اور صلاحیتوں کے باہمی استعمال پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر یہ تجویز دی گئی کہ آستان قدس رضوی اور آستانہ عباسیہ سے خصوصی گروپس علمی اور ثقافتی مراکز کے باہمی دوروں کے لیے تشکیل دیے جائیں تاکہ تعاون کو مزید گہرائی اور عملی شکل میں جاری رکھا جا سکے۔