آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ گیارہ نومبر2025 کی شام کو آستان قدس رضوی کی کاوشوں اور اہلبیت(ع) کے مداحوں کی ملکی تنظیم کے تعاون سے اہلبیت(ع) کے بزرگ خادمین کی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کے مختلف صوبوں سے افراد نے شرکت فرمائی، اس کانفرنس کا مقصد عاشورائی ثقافت کو ترویج دینے والے بزرگ خادمین کی سالہا سال کی مخلصانہ خدمت کو خراج تحسین پیش کرنا تھا ۔
اس کانفرنس کے دوران بزرگ خادمین اور قدیمی ذاکرین کی ’’یاحسینؑ‘‘ کی صداؤں نے روایتی ماتم داری اور مجالس کی یاد تازہ کر دی،کانفرنس میں خاص روحانی ماحول بن گیا ، حرم کی نورانی فضا میں ان کے محبت بھرے اشک جاری تھے چہروں پر تھکاوٹ کے باوجود عقیدت و خلوص جھلک رہا تھا۔
اس کانفرنس میں شریک ایک بزرگ خادم جناب سید حسین ہمایونی جن کا تعلق تہران سے ہے اظہار خیال کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ امام حسین(ع) کا حقیقی نوکر وہ ہے جو امام حسین(ع) کو اپنے آپ پر ترجیح دے،ایسا شخص جو شہرت کا طلبگار نہیں ہے بلکہ اس کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ ہرجگہ اس کے مولا و آقا امام حسین(ع) کا نام لیا جائے ۔
گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پوری عمر امام حسین(ع) کی نوکری کی ہے اورمیری سب سے بڑی آرزو یہ ہے کہ امام حسین(ع) اور والدہ حضرت فاطمہ زہراء (س) میری اس خدمت کو قبول فرمائیں۔
وہ امام حسین(ع) کی نوکری پر فخر کرتے ہوئے کہتا ہے نوکری ذلّت ہے مگر امام حسین (ع) کی نوکری شرف اور بادشاہی ہے ،خدا کا شکر بجا لاتا ہوں کہ مجھے اس راستے پر چلنے کی توفیق نصیب ہوئی اور اہلبیت(ع) کا خادم اور نوکر بن کر زندگی گزاری۔
انہوں نے امام رضا(ع) کی زیارت سے مشرف ہونے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال امام حسین(ع) کی دعا اور امام رضا(ع) کے لطف و کرم سے زیارت کی توفیق حاصل ہوئی ہے ،ماہ صفر اور ایّام فاطمیہ کی مجالس میں امام سے زیارت طلب کی تو توفیق حاصل ہوئی اور جب مشہد مقدس میں پہنچا تو ایسے لگا جیسے بہشت کی خوشبو سونگھ رہا ہوں،حرم میں داخل ہونے کے بعد انسان کی حالت بدل جاتی ہے دل ہلکا اور پرسکون ہوجاتا ہے گویا دنیا کے سارے غم انسان سے دور ہو جاتے ہیں۔
کانفرنس کے اختتام پر چند ایک سینئر اور بزرگ خادمین کو اعزازی شیلڈ اور تقدیر نامہ پیش کیا گیا ،کانفرنس کا اختتام دعائے امام زمانہ(عج) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی سلامتی کے لئے دعا کے ساتھ ہوا اور آخر میں تمام شرکاء نے بلند آواز میں ’’یا علی(ع)‘‘ کہا۔