آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛ حرم امام رضا علیہ السلام کے ادارہ غیرملکی زائرین کے شعبہ برصغیر پاک و ہند کی انتظامیہ کی جانب سے شبِ شہادت حضرت فاطمہ زہراء(س) کے موقع پر حرم امام رضا(ع) کے رواق غدیر میں نماز مغربین کے فوراً بعد اردو زبان زائرین کے لئے عزاداری کا انعقاد کیا گیا،مجلس عزاداری کے اس پروگرام میں پاکستان اور ہندوستان سے تشریف لانے والے اردو زبان زائرین نے شرکت کی ۔ حجت الاسلام ذاکر حسین طاہری نےعزاداری کے اس پروگرام میں حضرت فاطمہ زہراء(س) کے فضائل کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی شخصیت کا ایک پہلو حضرت زہراء کی معرفت کے ساتھ عبادت تھی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء(س) جب محراب عبادت میں کھڑی ہوتیں تومعرفت کے ساتھ ان کی پوری توجہ خداوند متعال کی طرف ہوتی اور یہی وجہ ہے کہ بی بی دو عالم نماز پڑھنے میں لذت محسوس کرتی تھیں اور نماز کو اپنے لئے ایک ذمہ داری نہیں سمجھتی تھیں۔
حجت الاسلام حسین طاہری نے سورہ مبارکہ عنکبوت کی آیت نمبر45«إِنَّ الصَّلاةَ تَنْهى عَنِ الْفَحْشاءِ وَ الْمُنْكَر» پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری نماز ایسی ہو جو ہمیں گناہوں سے بچائے اور حضرت زہراء (س) نے ہمیں ایسی نماز سکھائی ہے ۔
واضح رہے کہ مجلس عزاء کے اختتام پر حضرت فاطمہ زہراء(س) کے سوگ میں اردو زبان نوحہ خوان عارف حسین زاہدی نے مرثیہ اور نوحہ پڑھے اور اردو زبان زائرین نے ماتم داری کی ۔