آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق؛مؤرخہ 23اکتوبر2025 بروز جمعرات کو وزارت خارجہ کے امام رضا(ع) ورکنگ گروپ کی ایک نشست حرم امام رضا(ع) میں منعقد ہوئی جس میں وزیر خارجہ،وزرائے خارجہ و ثقافت و سیاحت اور ہینڈکرافٹ،صوبہ خراسان رضوی کے گورنر،مشہد مقدس کے میئر اور متعدد قومی اور صوبائی حکام نے شرکت کی ، اس نشست کے دوران آیت اللہ احمد مروی نے شہید وزیرخارجہ حسین امیر عبد اللھیان کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اس ورکنگ گروپ کو تشکیل دیا ۔
آیت اللہ مروی نے کہا کہ آئمہ معصومین علیہم السلام میں سے کسی نے بھی امام رضا(ع) سے زیادہ سیاست، حکومت اور امامت کے موضوعات پر بات نہیں کی ،کیونکہ آپ کے زمانے میں تاریخی حالات و واقعات نے ان موضوعات کو بیان کرنے کا موقع دیا اور آج یہی بیش قیمت اسلامی تعلیمات معاشرے کے لئے مختلف میدانوں میں مشعل راہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
آیت اللہ مروی نے کہا کہ ہم یہاں فقط کسی مزار یا روضے کے محافظ نہیں اور فقط زائرین کو سہولیات فراہم کرنے تک محدود نہیں ہیں بلکہ ہمارا ایمان اور عقیدہ یہ ہے کہ جو برکات اور آثار امام رضا(ع) کی ظاہری زندگی میں جاری تھے آج وہ اس مقدس بارگاہ میں بھی جاری و ساری ہیں لوگ اس مقدس جگہ پر آ کر ہدایت پاتے ہیں ایک انسانی اور اسلامی زندگی کا راستہ پاتے ہیں اور الہیٰ اطمینان اور سکون سے مستفید ہوتے ہیں۔
مشہد مقدس کے بنیادی ڈھانچے پر قومی سطح پر توجہ دینے کی ضرورت
آستان قدس رضوی کے متولی نے مشہد مقدس کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تقریباً80 فیصد زائرین اپنی ذاتی گاڑیوں سے مشہد مقدس کا سفر کرتے ہیں لیکن پارکنگ اورشہری بنیادی ڈھانچوں میں ابھی شدید کمی ہے بلکہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ زائرین کے لئے پارکنگ کا کوئی اتنظام نہیں ہے ،ان تمام مسائل کے حل کے لئے حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کے ساتھ بھرپور تعاون درکار ہے اور مشہد مقدس کو قومی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی نعمت بے مثل ہے ،اس نورانی بارگاہ کی برکات سے زائرین کے دلوں میں سکون،امید اور اطمینان پیدا ہوتا ہے ،ایرانی قوم کا سب سے بڑا روحانی سرمایہ ہے ،اگر یہ نورانی بارگاہ نہ ہوتی تب ہمیں پتہ چلتا کہ امام رضا(ع) کا بابرکت وجود ایرانی معاشرے کے لئے کتنا اہم ہے ۔
آستان قدس رضوی کے متولی کی گفتگو سے پہلے وزیر خارجہ جناب سید عباس عراقچی اور وزیر ثقافت و سیاحت اور دستکاری جناب سید رضا صالحیی امیری نے زیارت کو آسان بنانے کے طریقوں اور زائرین کے لئے مناسب شرائط فراہم کرنے کے حوالے سے گفتگو کی ،زیارت کی سفارت کاری میں توسیع اور مذہبی سیاحت کی ترقی میں مشہد مقدس کی بے نظیر اور منفرد صلاحیتوں پر زور دیا، انہوں نے زائرین کو مناسب خدمات فراہم کرنے اور شہر مشہد مقدس کو بین الاقوامی سطح پر مضبوط بنانے میں تعاون اور ہم آہنگی کے لئے تمام وزارتوں کی جانب سے آمادگی کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ اس نشست کے دوران صوبہ خراسان رضوی کے گورنر غلام حسین مظفری،آستان قدس رضوی کے نائب متولی جناب مصطفیٰ فیضی سمیت کئی قومی اور صوبائی عہدیداروں نے زیارت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کےدرمیان ہم آہنگی اور زائرین کو مناسب خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے تجاویز اور آراء پیش کیں۔